ڈرامہ ’الف‘ پاکستان میں کیا نئی مثال قائم کرنے والا ہے ؟ حمزہ علی عباسی نے دعویٰ کر دیا

کراچی(ویب ڈیسک) اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ ڈرامہ ’الف‘ مثال قائم کرے گا کہ کیسے ٹیلی ویژن کے میڈیم کو استعمال کر کے لوگوں کی زندگی کو خالق حقیقی کے ساتھ تعلق سے جوڑا جا سکتا ہے۔حمزہ علی عباسی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بہت زیادہ فعال رہتے ہیں اور اپنے چاہنے

والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی سرگرمیوں اور ڈراموں سے متعلق آگاہ کرتے رہتے ہیں۔اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ڈرامہ ’الف‘ ایک ایسی مثال قائم کرے گا کہ کیسے ٹیلی ویژن کے میڈیم کو استعمال کر کے لوگوں کی زندگی کا عکس دکھایا جاسکتا ہے اور انہیں خالق حقیقی کے ساتھ تعلق سے جوڑا جاسکتا ہے۔ حمزہ علی عباسی نے مزید کہا کہ میں اللہ کا بے حد شکر گزار ہوں کہ ڈرامہ سیریل ’الف‘ کے پہلے ٹریلر کا اتنا شاندار ردعمل ملا۔نامور ہدایت کار حسیب حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا حقیقی اور مجازی محبت پر مبنی ڈرامہ سیریل ’الف‘ کا پہلا ٹریلر جاری ہو گیا ہے۔’الف‘ ڈرامہ سیریل کو سال کا سب سے بڑا رومانوی ڈرامہ قرار دیا گیا ہے۔اداکارہ حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں ان کا کردار ’قلب مومن‘ ان کی حقیقی زندگی سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔’الف‘ کے جاری کردہ ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرامے میں مرکزی کردار خوبرو اداکارہ سجل ’مومنہ سلطان‘ کا کردار نبھا رہی ہیں جو کہ ڈرامے میں بھی اداکارہ کا ہی کردار کر رہی ہیں، اور ان کے ساتھ حمزہ علی عباسی قلب مومن کا کردار ادا کر ہے ہیں جو ڈرامے میں ایک پروڈیوسر ہوں گے۔ڈرامہ سیریل کے معاون کردار میں کبریٰ خان ’حسنِ جہاں‘ جبکہ اداکار احسن خان ’طحہ عبد العلی‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں، اداکار عثمان علی بٹ ڈرامے میں فیصل کا کردار نبھا رہے ہیں۔الف‘ کی کہانی پاکستان کی مشہور مصنفہ عمیرہ احمد کی تحریر ہے جبکہ ڈرامے کی پروڈیوسر ثناء شاہ نواز ہیں۔ڈرامے کے دوسرے ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ سجل علی جو ڈرامے میں بھی ایک اداکارہ مومنہ سلطان کا کردار ادا کر رہی ہیں، فلم آڈیشن دینے کے لیے حمزہ علی عباسی کے پاس آتی ہیں جو کہ سیریل میں ایک نامور پروڈیوسر قلب مومن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈرامہ سیریل ’الف‘ کے کچھ مناظر ترکی میں بھی شوٹ کیے گئے ہیں۔پاکستان کی نامور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے ‘الف’ کے او ایس ٹی یعنی ٹائٹل گیت میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ گیت کی موسیقی شجاع حیدر نے ترتیب دی ہے۔ڈرامہ سیریل ’الف‘ کے پہلے ٹریلر نے آتے ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا، مداحوں نے ڈرامے کے ٹریلر کو خوب پسند کیا اور اب یہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقبول ٹرینڈ بن چکا ہے۔’اپک پروڈکشن‘ کا یہ ڈرامہ سیریل ‘الف’ جیو انٹرٹینمنٹ پر رواں ماہ سے پیش کیا جائے گا لیکن فی الحال اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں